Wednesday, 24 December 2014

سعودی سفارتخانے نے سوشل میڈیا پر بعض ناقدین کے سعودی عرب کے بارے میں نامناسب رویے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ناقدین شاید حالات سے بے خبری کی وجہ سے سعودیہ پر بے جا تنقید کر رہے ہیں ۔سعودی سفارتخانے کی ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان سے اپنی دوستی کا حق ادا کیا ہے اور سعودی حکومت کے تعاون سے پاکستان میں عوامی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے بہت سے پروگرام جاری ہیں، جن سے پاکستان کے عوام مستفید ہو رہے ہیں پاکستان میں سعودی عرب کے قائم مقام سفیر جاسم الخالدی کے مطابق مائوں کی گودیں اجاڑنا ایک قبیح فعل ہے حصول علم میں مصروف بے گناہ معصوم بچوں اور درس و تدریس میں مصروف عملے کو بے دردی کے ساتھ موت کے گھاٹ اتارنے کے خون ناحق کی کوئی ذی روح کسی صورت حمایت نہیں کر سکتا نہ ہی ظلم یا بربریت پر خاموش رہ سکتا ہے ۔ سفارتخانے کی ترجمان ریحانہ خان کےمطابق آرمی پبلک سکول پشاور میں گھس کر معصوم بچوں سکول کے عملے کو بے دردی سے جاں بحق اور زخمی کرنے کی سعودی فرمانروا سعودی ولی عہد سعودی مفتی اعظم امام کعبہ اور مسجد نبوی میں خطبے کے دوران امام پیش احمد الحذیفی قائم مقام سعودی سفیر جاسم الخالدی اور ان کے سفارتی عملے نے سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام میں اس قسم کی دہشت گردی کی کارروائیوں کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی ، جس طرح پاکستان کے عوام سراپا احتجاج ہیں اسی طرح سعودی عرب کے عوام بھی دکھ اور ذہنی صدمے سے دوچار ہیں آرمی پبلک سکول پشاور میں جو قیامت صغرا برپا کی گئی اس کے غم کو کبھی نہیں بھلایا جا سکتا اور نہ ہی ان معصوم بچوں کے خون میں نہائے چہرے نظرو ں سے اوجھل ہو سکتے ہیں جنہیں ناکردہ گناہ کی جس قدر بھیانک سزا دی گئی سعودی عرب کے قائم مقام سفیر نے صدق دل سے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سب کو اپنی حفظ وامان میں رکھے اور خونریزی پھیلانے والوں اور فساد برپا کرنے والون کو نیست و نابود کر ے ۔ قائمقام سعودی سفیر جاسم الخالدی نے کہا کہ سعودی حکومت اور عوام دکھ اور غم کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام اور بالخصوص غمزدہ ان خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا خصوصی اظہار کرتے ہیں جن کے پیارے اس دہشت کا شکا ر ہو کر اس دنیا سے رخصت ہو گئے اور وہ معصوم بچے سفاکی اور درندگی کا نشانہ بن گئے جن کا کوئی قصور نہیں تھا۔ اسلام میں کسی کو بھی کسی بے گناہ کی جان لینے کا حق حاصل نہیں اور نہ ہی بے رحم قاتلوں کو معاف کیا جا سکتا ہے ۔ سانحہ پشاور پر جسطرح پاکستانی بھائی رنجیدہ ہیں اور ملک میں تین روزہ سوگ گزارنے کے باوجود غم زدہ خاندانوں کے دکھ درد بانٹنے اور اس سانحہ میں شہید ہو جانے والوں کے درجات کی سربلندی کیلئے دعائیں کی گئی اس طرح پاکستان میں سعودیہ کے قائم مقام سفیر جاسم محمد الخالدی نے بھی ذاتی طور پر وزارت خارجہ میں جا کر اس کربناک سانحہ پرسعودی حکومت اور سعودی عوام کی طرف سے دلی دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا اور وزارت خارجہ میں رکھی گئی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کرتے ہوئے دہشتگردی کی اس گھنائونی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ، انہوں نے لکھا سانحہ کی ذمہ دار دہشتگردوں جن کا تعلق کسی بھی گروہ یا فرقے سے ہو ان کی جس قدر بھی مذمت کی جائے کم ہے اس سانحہ پر صرف سعودی عرب ہی نہیں پوری انسانیت غم زدہ ہے جاسم محمد الخالدی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے پاکستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ گہرے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہمیشہ مثالی رہے ہیں سعودی حکومت نے ہر مشکل وقت اور آزمائش کی ہر گھڑی میں پاکستان کے مصیبت زدہ عوام کا بھرپور ساتھ دیا، پاکستان میں اس وقت جاری فلاحی منصوبے پاکستان اور سعودی عرب کی گہری دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔


No comments:

Post a Comment

If You Like This Post. Please Take 5 Seconds To Share It.


comments please

SEND FREE SMS IN PAKISTAN