Wednesday 19 March 2014

بحرین کے فرمانروا حمد بن عیسیٰ الخلیفہ تین روزہ دور ے پر پاکستان پہنچ گئے، وزیراعظم ڈاکٹر نواز شریف نے نور خان ایئر بیس پر ان کا وفاقی کابینہ کے ہمراہ پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پرویز رشید، خواجہ آصف، اسحاق ڈار، احسن اقبال، زاہد حامد، خرم دستگیر، ریاض پیرزادہ، رانا تنویر حسین، برجیس طاہر، سرتاج عزیز، طارق فاطمی، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی موجود تھے۔ شاہ بحرین کی آمد کے موقع پر بچوں نے انہیں گلدستے بھی پیش کئے۔ مسلح افواج کے چا ق و چوبند دستوں نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ وزیراعظم نے شاہ بحرین سے کابینہ کے ارکان کا تعارف بھی کرایا۔ واضح رہے بحرین کے کسی سربراہ کا 40سال بعد پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔ شاہ بحرین وزیراعظم ڈاکٹر نواز شریف کی خصوصی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ صدر ممنون حسین آج ایوان صدر میں بحرین کے شاہ شیخ حمد بن عیسیٰ کے اعزاز میں ایک عشائیہ دیں گے۔ آن لائن کے مطابق پاکستان اور بحرین نے توانائی کے شعبہ میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کرتے ہوئے تعاون کے 6 معاہدوں کی یادداشتوں پر دستخط کئے۔ این این آئی کے مطابق وزیراعظم ڈاکٹر نواز شریف نے پاکستان اور بحرین کے درمیان دو طرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے بحرینی سرمایہ کار پاکستان میں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھا کر بہترین منافع حاصل کر سکتے ہیں، پاکستان بحرینی سرمایہ کاروں کا توانائی، ڈائون سٹریم آئل انڈسٹری، معدنیات، بنیادی ڈھانچے، بینکاری اور مالیاتی شعبوں میں میگا پروجیکٹس میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریگا، بحرین پاکستان اور خلیج تعاون کونسل کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے کی تکمیل میں تعاون کرے جبکہ بحرین کے شاہ شیخ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ وزراتی کمیشن کے قیام، سرمایہ کاری کے تحفظ اور فروغ، فضائی سروس اور پانی و بجلی کے شعبوں سمیت چھ معاہدے طے پا گئے وزیراعظم سے بحرین کے شاہ نے وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے دو طرفہ تجارت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہماری خواہش ہے بحرین پاکستان سے اعلیٰ معیار کے باسمتی چاول، حلال گوشت کی مصنوعات، پولٹری، ٹیکسٹائل، کھیلوں کے سامان، آلات جراحی، قالینوں، ماربل، کٹلری کی درآمدات بڑھائے ۔ انہوں نے مشترکہ کمیشن کے باقاعدہ اجلاسوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا اس سے دو طرفہ اقتصادی و تجارتی تعاون کا جائزہ لینے کیلئے اچھا پلیٹ فارم میسر آتا ہے ۔ قبل ازیں دونوں ممالک کے درمیان وزیراعظم ہائوس میں چھ دستاویزات پر دستخط کئے گئے جن میں دو طرفہ تعاون کیلئے مشترکہ وزارتی کمیشن کا قیام اور سرمایہ کاری کے تحفظ اور فروغ کا معاہدہ شامل ہیں جن پر دونوں ممالک کے وزرائے خزانہ نے دستخط کئے ۔ اس کے علاوہ فوڈ سکیورٹی میں تعاون کی دستاویز پر پاکستان کی وزیر فوڈ سکیورٹی اور بحرین کے وزیر خارجہ کی طرف سے دستخط کئے گئے اسی طرح فضائی سروسز کے معاہدے پر پاکستان کے وزیر منصوبہ بندی اور بحرین کے وزیر ٹرانسپورٹ جبکہ وزرائے داخلہ کے درمیان تعاون کے معاہدے پر دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ نے دستخط کئے۔ بجلی اور پانی کے شعبوں میں تعاون کے معاہدے پر بھی دستخط کئے گئے پاکستان کے وزیر پانی و بجلی اور بحرین کے وزیر مملکت برائے بجلی و آبی امور نے دستخط کئے۔ بعد ازاں وزیراعظم نے بحرین کے شاہ اور انکے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔

No comments:

Post a Comment

If You Like This Post. Please Take 5 Seconds To Share It.


comments please

SEND FREE SMS IN PAKISTAN